Balochistan's largest medical college Bolan Medical College BMC is closed since five months


 *بلوچستان کا سب سے بڑا میڈیکل کالج بندش کا شکار – طلباء کا مستقبل داؤ پر*  


بلوچستان کا سب سے بڑا میڈیکل کالج، بولان میڈیکل کالج (BMC)، پچھلے پانچ ماہ سے بندش کا شکار ہے۔ پہلے اس بندش کو ہاسٹلز کی مرمت کے نام پر جائز قرار دیا گیا، مگر حقیقت یہ ہے کہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود نہ صرف ہاسٹلز بند ہیں بلکہ کالج کو بھی صحیح معنوں میں فعال نہیں کیا جا سکا۔   

پچھلے چند مہینوں میں BMC کی انتظامیہ اور حکومت نے تین بار کالج اور ہاسٹلز کھولنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا، لیکن ہر بار صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہا۔ جب کہ حقیقت میں طلباء کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے مزید دھوکے میں رکھا گیا۔  


اب جبکہ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کے امتحانات سر پر ہیں، ہر ہفتے نیا امتحانی شیڈول دیا جا رہا ہے، جس نے طلباء کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ کئی طلباء ایسے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں مطالعے کے لیے بنیادی سہولیات، جیسے انٹرنیٹ اور لائبریری، دستیاب نہیں ہیں۔ ان کے لیے ہاسٹل اور کالج ہی پڑھائی کا واحد ذریعہ ہیں، لیکن حکومتی نااہلی نے ان کا تعلیمی سال داؤ پر لگا دیا ہے۔    

اب جب کہ حکومت بلوچستان میں دیگر یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر بند کر رہی ہے، طلباء کو یہ خدشہ لاحق ہے کہ BMC کو بھی مزید بند رکھا جائے گا، جس سے ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔ 

ہم حکومت بلوچستان، BMC انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ہاسٹلز اور کالج کو کھولنے کے عملی اقدامات کریں۔ اگر اس معاملے کو مزید نظر انداز کیا گیا تو طلباء کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تعلیم دشمن پالیسیوں سے باز آئے اور بلوچستان کے میڈیکل طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنائے!

Comments